جملہ 12 میں سے نصف اسمبلی حلقوں میں مخالف حکومت لہر ، کانگریس کی کامیابی کے امکانات روشن
ورنگل ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : متحدہ ضلع ورنگل میں کثیر تعداد میں ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ گذشتہ کے بہ نسبت اس مرتبہ پولنگ فیصدی میں اضافہ ہوا ۔ امیدواروں نے اپنی اپنی کامیابی کے لیے پر امید ، متحدہ ضلع ورنگل کے 12 اسمبلی حلقوں میں ٹی آر ایس اور کانگریس کے درمیان راست مقابلہ تھا ۔ اس مرتبہ بی جے پی ووٹروں میں اتنا جوش دیکھائی نہیں دیا ۔ حالانکہ پارٹی کے بڑے بڑے قومی قائدین نے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ اس انتخابات میں اقلیتوں کے ووٹ بعض مقامات میں تقسیم ہوتے نظر آئے ۔ شہری علاقوں میں مخالف حکومت لہر دیکھی گئی ۔ کانگریس پارٹی نے جس طرح سے انتخابی مہم چلائی اس کے کامیابی کے زیادہ امکانات نظر آرہے ہیں ۔ ورنگل کے تمام 12 اسمبلی حلقوں میں سے نصف حلقوں میں حکومت مخالف لہر دیکھی گئی ۔ ورنگل ایسٹ اسمبلی حلقہ میں 74 فیصدی پولنگ ہوئی یہاں پر ٹی آر ایس نے این نریندر کو انتخابی میدان میں اتارا تھا جب کہ ان کے مخالف میں کانگریس پارٹی نے روی چندرا کو ٹکٹ دیا ۔ بہت ہی کم وقت میں انہوں نے عوام میں مقبولیت حاصل کی ۔ مسلم اقلیت کی اکثریت ان کے حق میں دیکھائی دی ۔ ورنگل ویسٹ ہنمکنڈہ میں 57 فیصدی یہاں پر ٹی آر ایس امیدوار ڈی ونئے بھاسکر جو تین انتخابات میں کامیابی حاصل کرچکے ان کا مقابلہ مہاکوٹمی کے تلگو دیشم امیدوار پرکاش ریڈی سے تھا ۔ جو نرسم پیٹ اسمبلی حلقہ سے تین مرتبہ رکن اسمبلی منخب ہوچکے تھے ۔ انہوں نے سابق میں کمیونسٹ پارٹی کے طاقتور قائد اوم کار کو شکست دی ۔ وردھنا پیٹ حلقہ اسمبلی میں 77 فیصد جہاں پر ٹی آر ایس امیدوار آر رمیش سے جے ڈی ایس امیدوار ڈاکٹر دیسویا سے رہا ۔ محبوب آباد حلقہ اسمبلی میں بھی 84 فیصد پولنگ ہوئی یہاں پر سابق ایم بی بلرام نائک کا مقابلہ ٹی آر ایس سابق رکن اسمبلی شنکر نائک سے رہا ۔ ڈورنگل میں 88 فیصدی ، پرکال 89 ، ملگ 82 ، نرسم پیٹ 90 ، بھوپال پلی 79 ، پالاکورتی 84 ، جنگاؤں 79 ، اسٹیشن گھن پور 88 فیصدی پولنگ درج کی گئی ۔ ورنگل ایسٹ ملگ ، بھوپال پلی ، جنگاؤں ، اسٹیشن گھن پور ، پرکال ، ڈورنکل اسمبلی حلقوں میں کانگریس امیدوار کے حق میں عوامی لہر دیکھی گئی ۔ جب کہ ورنگل ویسٹ ، وردھنا پیٹ ، محبوب نگر ، نرسم پیٹ ، پالا کورتی ، اسمبلی حلقوں میں ٹی آر ایس لہر نظر آئی ۔ کانگریس اور ٹی آر ایس امیدواروں نے اپنی اپنی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے پریس کانفرنس کی ۔۔