آئزوال ۔ 4 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) میزورم میں تمام اپوزیشن جماعتیں حکمراں جماعت کانگریس کے خلاف ایک متحدہ محاذ تشکیل دینے کے لئے بات چیت کررہی ہیں۔ کلیدی اپوزیشن جماعت میزو نیشنل فرنٹ (MNF) کے ذرائع نے یہ بات بتائی جس کے مطابق اپوزیشن پارٹیوں جیسے ایم این ایف ، میزورم پیپلز کانفرنس ، زورم نیشنلسٹ پارٹی ، مرالینڈ ڈیموکریٹک فرنٹ ، بی جے پی اور این سی پی کے قائدین نے کل بات چیت کے دوسرے مرحلہ میں حصہ لیا جبکہ آئندہ جمعرات کو اُن کا ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔ اپوزیشن جماعتیں ایک متحدہ محاذ تشکیل دیتے ہوئے آنے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے ایک مشترکہ امیدوار یعنی اسمبلی ضمنی انتخابات کیلئے امیدوار کے انتخاب کے لئے کوشاں ہے ۔ خصوصی طورپر وزیراعلیٰ لال تھاہنا والا کی مخلوعہ نشست کیلئے امیدوار کا انتخاب اب ضروری ہوگیا ہے۔ یہاں اس بات کاتذکرہ ضروری ہے کہ 40 رکنی ریاستی اسمبلی میں کانگریس نے 34 نشستوں پر اور میزورم ڈیموکریٹک الائنس صرف چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکی ۔