متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کا ٹی ہب کا دورہ ۔ نئی اختراعات کی ستائش

حیدرآباد 29 نومبر ( سیاست نیوز ) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النیہان نے آج ہندوستان کے سب سے بڑے اسٹارٹ اپ انکیوبیٹر ٹی ہب کا دورہ کیا ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے انہیں یہاں تفصیلات سے واقف کروایا ۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر نے ٹی ہب انکیوبیٹر میں ہونے والی اختراعات کی ستائش کی ۔ ٹی ہب کے ایک گھنٹہ طویل دورہ کے موقع پر کے ٹی راما راؤ نے ٹی ہب کے ذریعہ فراہم کئے جانے والے مواقع اور دیگر تفصیلات سے دورہ کنندہ وفد کو واقف کروایا ۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ مسٹر کے ٹی راما راؤ کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے اور وہاں تجارتی مواقع کا جائزہ لینے کی دعوت دی ۔ کے ٹی راما راؤ نے دورہ یو اے ای کی دعوت قبول کرلی ۔ کے ٹی راما راؤ نے یو اے ای سے کام کرنے والے اسٹارٹ اپس کو ہنوستانی مارکٹ کیلئے مارکٹ رسائی پروگرام کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز پیش کی ۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت یو اے ای کمپنیوں کو راغب کرنے کی کوشش کرے گی ۔