دبئی 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )متحدہ عرب امارات میں ایک عدالت عالیہ نے ایک قطری ڈاکٹر کو مجرم قرار دیتے ہوئے اسے 7 سال کی سزائے قید سنائی۔ خلیج وفاق کی اخوان المسلمین کے خلاف کارروائی کے دوران یہ تازہ ترین اقدام ہے۔وفاقی سپریم کورٹ ابو ظہبی نے ڈاکٹر محمود الجیڈا کو ایک غیر قانونی خفیہ تنظیم کے ساتھ تعاون اور روابط کا مجرم قرار دیتے ہوئے جس کا مقصد حکومت کا تختہ الٹنا تھا 7 سال کی سزائے قید سنائی۔
سرکاری خبر رساں ادارہ وان کے بموجب سزائے قید کی تکمیل پر اسے متحدہ عرب امارات سے خارج کردیا جائے گا۔ الجیڈا کو دبئی ایر پورٹ پر گذشتہ سال فبروری میں جبکہ وہ تھائی لینڈ سے قطر کا سفر کررہے تھے گرفتار کیا گیا تھا۔ان کے خاندان نے کہاکہ ان کا اخوان المسلمین نے کوئی سرگرم کردار نہیں تھا۔ انہوں نے الجیڈا کے ان دعووں کے بارے میں فکر مندی ظاہر کی کہ انہیں مقدمہ کی سماعت سے قبل حراست میں اذیت رسانی کی گئی تھی اور ان کے ساتھ نا مناسب سلوک کیا گیا تھا۔ دیگر دو ملزم امارتی ہیں جنہیں اخوان المسلمین سے روابط رکھنے کے جرم میں فی کس پانچ سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے۔