متحدہ عرب امارات میں 2 ہندوستانیوں کو دیانتداری کیلئے ایوارڈس

دوبئی 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) 2 ہندوستانیوں کی دیانتداری تسلیم کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اُنھیں ایوارڈس عطاء کئے۔ اِن دونوں نے سڑک پر دستیاب ہونے والے 60 ہزار درہم مقامی پولیس کے حوالہ کردیئے تھے۔ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ سیف بن زائد النہیان نے بیجو کرشنا کمار پلّے وجین اور سونی تھامس کو ابوظہبی میں منعقدہ ایک تقریب میں اُن کی دیانتداری پر ایوارڈس پیش کئے۔ وجین اور تھامس کو 60 ہزار درہم جن کی مالیت 16,335 امریکی ڈالر ہوتی ہے، الخالدیہ کی ایک سڑک پر دستیاب ہوئے تھے اور اُنھوں نے اِسے پولیس اسٹیشن پہونچا دیا تھا تاکہ یہ رقم اُس کے مالکوں تک پہنچائی جاسکے۔ روزنامہ گلف نیوز نے اِس کی خبر دی تھی۔ ایوارڈس تقریب میں متحدہ عرب امارات کے کئی عہدیدار شریک تھے۔

مشرقی سعودی عرب میں جھڑپ 4 افراد ہلاک
ریاض ۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی سعودی عرب کے شیعہ غالب آبادی والے علاقہ میں فائرنگ کے تبادلہ میں 4 افراد بشمول 2 ملازمین پولیس ہلاک ہوگئے۔ پولیس پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب انہوں نے دو مطلوب کارکنوں کو عوامیا ضلع میں گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ خبر رساں ادارہ ایس پی اے کے بموجب جو کارکن حسین الفراز اور علی احمد الفراز ہلاک ہوگئے۔ دو ملازمین پولیس زخمی اور دواخانہ میں زیرعلاج ہیں۔ 7 احتجاجیوں کو 20 سال سزائے قید سنانے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔