دوبئی ۔ 18 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کم از کم 3 ہندوستانی معتمرین ہلاک اور دیگر 57 زخمی ہوگئے جبکہ 60 ہندوستانی معتمرین کو منتقل کرنے والی بس متحدہ عرب امارات میں حادثہ کا شکار ہوگئی، تمام متاثرین بشمول مہلوکین دوبئی میں مقیم کیرالا کے متوطن ہندوستانی تھے جو سعودی عرب سے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد واپس ہورہے تھے ۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جبکہ بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی ۔ ابوالابیض کے مقام پر یہ حادثہ ہوا جو ابوظہبی سے تقریباً 200 کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ کیرالا کے متوطن تین معتمرین برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 57 زخمی ہوگئے ۔ ان میں سے 12 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ ہلاک ہونے والے افراد 40 سالہ محمد مولوی ، 46 سالہ ابوبکر اور 38 سالہ عبدالطیف ہیں۔ گلف نیوز کے بموجب مولوی کے ورثاء میں بیوی اور تین بچے شامل ہیںجو کیرالا میں مقیم ہیں۔ بس ڈرائیور عبداللطیف کے ورثاء میں اُس کی بیوی اور تین بچے ہیں۔ ایک اور ڈرائیور نے جو سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد دس روزہ سیاحت پر تھا متاثرین کی مدد کی ۔ عبداللطیف نے اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں سے اُسی دن ٹیلی فون پر ربط پیدا کیا تھا ۔ وہ آئندہ ماہ وطن واپسی کے سفر کے سلسلے میں پرجوش تھا اور نئے گھر کی تعمیر پر ایک تقریب منعقد کرنے کا منصوبہ بنارہا تھا ۔ ابوبکر کے ورثہ میں اُس کی بیوی اور چار بچے ہیں۔ وہ اس گروپ کا رابطہ کار تھا ۔ یہ گروپ 6 مئی کو دوبئی سے روانہ ہوا تھا ۔ متاثرین کیرالا کے اضلاع پالکڑ اور ملاپورم سے تعلق رکھتے تھے ۔