متحدہ عرب امارات میں تمام مردوں کیلئے فوجی خدمات لازمی

دوبئی 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں تمام بالغ مردوں کیلئے فوجی خدمات کو لازمی قرار دیا جائے ۔ تاہم حکومت نے خواتین کیلئے فوجی خدمات کو اختیاری قرار دیا ہے ۔ ملک کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المختوم نے بتایا کہ کابینہ نے 18 سے 30 سال عمر کے تمام مردوں کیلئے فوج کی خدمات کو لازمی قرار دیدیا ہے ۔ خواتین کیلئے یہ خدمات اختیاری رہیں گی ۔ شیخ محمد نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا ہے کہ قومی خدمات امارات کے تمام مردوں کیلئے لازمی ہوگی جن کی عمر 18 سال ہوگئی ہو یا جنہوں نے اسکول کی تعلیم مکمل کرلی ہو۔ خواتین کیلئے یہ رضاکارانہ ہونگی ۔ فوجی خدمات کیلئے ٹریننگ دی جائیگی ۔ جو نوجوان ہائی اسکول تک تعلیم یافتہ ہونگے انہیں 9 مہینے کی اور جو اس سے کم تعلیم یافتہ ہونگے انہیں دو سال کی ٹریننگ دی جائیگی ۔