متحدہ عرب امارات میں آج عید الاضحی ، 96 قیدیوں کی رہائی

دبا الفجیرہ (متحدہ عرب امارات)، 3 اکٹوبر (حسین قادری کا ای میل) متحدہ عرب امارات کی تمام ساتوں ریاستوں ابوظہبی، دُبئی، شارجہ، راس الخیمہ، اُم القوین، عجمان اور فجیرہ میں عید الاضحی ہفتہ 4 اکٹوبر کو منائی جارہی ہے۔ امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم جو وزیراعظم اور حاکم دبئی بھی ہیں، ملک کے عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے 4 دن کی سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ شارجہ کے حاکم ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی نے شارجہ کی جیل میں بند مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے قیدیوں میں سے 96 ایسے قیدی کی جو اچھے کردار کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں، رہائی کا حکم دیا تاکہ یہ لوگ اپنے اہل و عیال ، رشتہ دار و دیگر کے ساتھ مل کر عید کی خوشیاں منا سکیں۔ اس دفعہ قربانی کے جانور سعودی عرب، صومالیہ، پاکستان اور ہندوستان سے کافی تعداد میں منگوائے گئے ہیں۔ ہندوستانی بکروں کو امارات میں کافی پسند کیا جاتا ہے۔ نماز عید تمام عیدگاہوں اور بڑی مساجد میں ایک ہی وقت ٹھیک 6:30 بجے صبح ادا کی جائے گی۔