ریاستی وزیر جگدیش ریڈی، کانگریس امیدوار وینکٹ ریڈی نے ووٹ ڈالا
نلگنڈہ۔ 11 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع نلگنڈہ کے 2 لوک سبھا حلقوں میں آج ہوئی رائے دہی بحیثیت مجموعی پرامن اور خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ رائے دہندگان صبح سے ہی پولنگ مراکز پر جمع تھے۔ بعض پولنگ مراکز پر ای وی ایم مشینوں میں خرابی کی وجہ رائے دہی کا آغاز دیر سے ہوا۔ شدید ترین دھوپ کی وجہ دوپہر کے اوقات میں رائے دہی سست رہی۔ ضلع نلگنڈہ لوک سبھا ریٹرننگ آفیسر کے بموجب حلقہ میں رائے دہی کا فیصد 62.11 رہا جبکہ بھونگیر لوک سبھا حلقہ میں رائے دہی کا فیصد 68.25 رہا۔ حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ میں سات اسمبلی حلقوں میں دیواکندہ میں 63.05%، ناگرجنا ساگر میں 63.99%، مریال گوڑہ میں 68.13% ، حضور نگر میں 68.54%، کوداڑ میں 68.90%، سوریا پیٹ میں 68% اور نلگنڈہ اسمبلی حلقہ میں رائے دہی کا فیصد 62.10 رہا۔ جبکہ بھونگیر لوک سبھا حلقہ میں رائے دہی کا مجموعی فیصد 68.25 رہا۔ لوک سبھا حلقہ میں شامل اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہی کا فیصد ابراہیم پٹنم 68%، منو گوڑ میں 72.50% ، بھونگیر 70.05% ، نکریکل میں (ایس سی) محفوظ 64.79%، تنگاترتی ایس سی محفوظ میں 69.13%، آلیر 75.25%، منگاؤں میں 62.23% رائے دہندوں نے اپنے حق سے استفادہ کیا۔ رائے دہی کو پرامن بنانے کیلئے ضلع ریٹرننگ آفیسرس نے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے اور محکمہ امن و ضبط کی جانب سے وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے تھے۔ ریاستی وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی نے سوریا پیٹ میں لوک سبھا امیدوار و صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے اپنی اہلیہ سابق رکن اسمبلی کوداڑ اتم پدماوتی ریڈی اور لوک سبھا بھونگیر کے کانگریس امیدوار کے وینکٹ ریڈی نے اپنے خاندان کے ہمراہ حضورنگر اور نلگنڈہ مستقر پر صدرنشین کسان مشاورتی کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ جی سکھیندر ریڈی نے اپنے اہلیہ کے ہمراہ مریال گوڑہ میں اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔