متحدہ ضلع محبوب نگر میں رجسٹریشن کی شرح میں کمی

سرور ڈاؤن سے عوام کو مشکلات ، حکومت کی آمدنی پر بھی اثر

محبوب نگر /3 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حکومت کے خزانہ کو زیادہ آمدنی دینے والے محکمہ جات میں محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن بھی ایک اہم محکمہ ہے ۔ متحدہ ضلع محبوب نگر سے سالانہ تقریباً 200 کروڑ کی آمدنی حکومت کے خزانہ میں جمع ہوتی ہے ۔ لیکن گذشتہ 10 روز سے رجسٹریشن کی شرح کم ہوگئی ہے جس سے آمدنی کا تناسب بھی گھٹ گیا ہے ۔ جس کی اہم وجہ متحدہ ضلع میں سرور ڈاؤن ہوگیا ہے جس سے می سیوا کی خدمات تقریباً مسدود ہوگئی ہے۔ دوسری طرف عوام متفکر ہیں کہ آخر کب تک یہ درد سر برداشت کرنا ہوگا ۔ پیر کی دوپہر بھی سرور بند ہوگیا جس کی وجہ سے دوپہر کے بعد رجسٹریشن بھی کم ہوگئے ۔ دور دراز مقامات سے آنیو الوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ محبوب نگر ، جڑچرلہ ، کلواکرتی ، ناگرکرنول ، اچم پیٹ ، کولاپور ، عالم پور ، گدوال ، آتماکور ، پبیر ، بجناپلی ، دیورکدرہ ، مکتھل ، نارائن پیٹ اور ونپرتی میں سب رجسٹرار دفاتر ہیں جہاں اوسطاً 5400 رجسٹریشن ہوتے ہیں اور اس سے 80 لاکھ تا ایک کروڑ کی آمدنی ہوتی ہے ۔ سرور کی خرابی سے رجسٹریشن کا فیصد 60 تا 80 فیصد تک گھٹ گیا ہے اور 15 تا 20 لاکھ حکومت کی آمدنی میں کمی آئی ہے ۔ رجسٹریشن کیلئے ضرورت مندوں کو طویل قطاروں میں انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق رجسٹریشن کی خدمات کو دھرنی ویب سائیٹ سے مربوط کرنے سے یہ مسائل پیدا ہو رہے ہیں تاہم بہت جلد اس مسئلہ پر قابو پالیا جائے گا ۔