متاثرین سیلاب کی بازآبادکاری پر توجہ مرکوز کرنے سی پی آئی ایم کا مطالبہ

سرینگر۔/9اکٹوبر، (سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی ایم نے آج کہا کہ مرکز کی خصوصی توجہ اور ریاستی حکومت کی جانب سے خصوصی توجہ سیلاب زدگان کو فوری راحت رسانی پر ہونی چاہیئے اور ریاست میں جمہوری عمل کے جاری رہنے سے راحت رسانی کارروائیوں کو متاثر نہیں ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما سر پر ہے اس لئے مستقل باز آبادکاری کے اقدامات ضروری ہیں۔ بصورت دیگر کئی انسانی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں۔ سی پی آئی ایم کی پولیٹ بیورو کے رکن سیتا رام یچوری نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جبکہ وہ سیلاب زدہ علاقوں کا تین روزہ دورہ ختم کرچکے تھے، سوال کیا کہ اسمبلی انتخابات جاریہ سال کے اواخر میں بھی کروائے جاسکتے تھے اتنی عجلت کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا لیکن انہیں یقین ہے کہ اس کارروائی میں ان کی پارٹی کو مشاورت سے باہر رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بہرحال سیلاب کے متاثرین کو فوری راحت رسانی اور ان کی مستقل بازآبادکاری انتہائی اہم مسئلہ ہے۔ مرکز کو چاہیئے کہ سیلاب کو قومی آفت قرار دے۔