متاثرہ کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے صدر کانگریس کا مطالبہ

بھیوانی 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج کہا ہے کہ مرکز اور ہریانہ میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ غریب کسانوں کے مصائب و آلام پر توجہ دے اور مطالبہ کیاکہ حالیہ غیر موسمی بارش اور ژالہ باری میں فصلوں کے نقصانات سے متاثر کسانوں کو بروقت معاوضہ ادا کرے۔ انھوں نے آج یہاں دورہ کے موقع پر کہاکہ کسان ہمارے انا داتا (کھانا دینے والے) ہیں لیکن آج ہمیں کسانوں کی حالت زار دیکھ کر افسوس ہوتا ہے اور یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ کسانوں کو راحت پہنچائیں۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے ایسے وقت دیہاتوں کا دورہ کیا ہے جبکہ پارٹی نے کسانوں کے مسائل پر توجہ مرکوز کردی ہے۔ اور این ڈی اے حکومت کے متنازعہ حصول اراضیات بل کی مخالفت کررہی ہے۔