بیدر ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ضمنی انتخابات میں ہزیمت کے باوجود صدر بی جے پی امیت شاہ نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ مایوس اور احساس کمتری کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ چار ریاستوں میں مجوزہ اسمبلی انتخابات میں پا رٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور ہندوستان کو کانگریس سے آزاد کرنے کے ایجنڈہ پر عمل یقینی ہوگا۔ ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو 23 کے منجملہ 13 نشستوں پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پہلے ان نشستوں پر اسی کا قبضہ تھا۔ امیت شاہ نے کہا کہ انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد اپوزیشن خوشی سے بے قابو ہوگئی ہے۔ اپوز یشن کا یہ خیال ہے کہ انہوں نے بہت بڑی کامیابی حاصل کرلی ، حالانکہ بی جے پی کے لئے ایک اچھا پہلو یہ رہا کہ اس نے آسام میں اپنا کھاتہ کھولا۔ یہی نہیں بلکہ بنگال میں ہم نے جو کامیابی حاصل کی ہے وہ اپوزیشن کو دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج کی پرواہ کئے بغیر ہمیں چار ریاستوں کے انتخابات پر توجہ دینی ہوگی۔