مایاوتی کے فیصلہ سے اپوزیشن اتحاد ٹکڑے ٹکڑے نہیں ہوا : دیوے گوڑا

نئی دہلی ۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے فیصلہ کیا ہیکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کیا جائے گا۔ جنتادل (سیکولر) کے صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج کہا کہ مایاوتی کے اس فیصلہ سے اپوزیشن اتحاد کے ٹکڑے نہیں ہوئے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اب بھی وقت ہیکہ بی جے پی سے آئندہ عام انتخابات میں مقابلہ کرنے کیلئے اپوزیشن کا اتحاد تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے فوری نتیجہ اخذ کرنے کے خلاف انتباہ دیا۔ کل بی ایس پی کی صدر نے اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی راجستھان اور مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں اپنے بل بوتے پر مقابلہ کرے گی اور علاقائی پارٹیوں سے کوئی اتحاد نہیں کیا جائے گا اور نہ کانگریس سے کوئی انتخابی اتحاد ہوگا۔ قبل ازیں انہوں نے چھتیس گڑھ میں انتخابات میں حصہ لینے سے پہلے اجیت جوگی کی پارٹی سے انتخابی اتحاد کیا تھا۔ اپنے بل بوتے پر مقابلہ کرنے کا دلت قائد کا فیصلہ کانگریس کو سرزنش کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں بی جے پی کے خلاف مہا گٹھ بندھن قائم کرنے کی کوششوں کو بھی ایک جھٹکا تصور کیا جارہا ہے۔ اس سوال پر کہ کیا اپوزیشن اتحاد مایاوتی کے فیصلہ کے بعد ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا ہے۔ دیوے گوڑا نے کہا کہ ان کے خیال سے ایسا کچھ نہیں ہے۔ تمام ریاستی قائدین اپنی اپنی ترجیحات رکھتے ہیں۔ عام انتخابات کیلئے ابھی بہت وقت ہے۔ آپ فوری طور پر ایک واقعہ سے کوئی نتیجہ اخذ نہیں کرسکتے۔ جے ٹی ایس کے سربراہ نے کہا کہ وقت ہی بتائے گا کہ پارٹیاں متحد ہوتی ہے یا نہیں۔ ماہ مئی میں اپوزیشن پارٹیوں کو متحدہ طاقت کا مظاہرہ کرنے کا ایک موقع ملا تھا جبکہ دیوے گوڑا کے فرزند نے چیف منسٹر کرناٹک کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا اور یہ پیغام دیا تھا کہ مخالف بی جے پی محاذ قائم ہورہا ہے۔ مرکز کے ایندھن کی قیمت میں ڈھائی روپئے فی لیٹر کمی کرنے کے فیصلہ کے بارے میں دیوے گوڑا نے کہا کہ کرناٹک پہلے ہی قیمت میں کمی کرچکا ہے۔ مرکز کرناٹک کی تقلید کررہا ہے۔