ضمنی چناؤ تنہا لڑنے کیلئے پارٹی ورکرس کو تیار رہنے کا مشورہ
نئی دہلی ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ بی ایس پی مایاوتی نے آج کہا کہ اترپردیش میں لوک سبھا چناؤ میں شکست فاش سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے ناقص مظاہرہ کے سبب ہوئی اور انہوں نے پارٹی قائدین اور ورکرس کو آنے والے ضمنی اسمبلی انتخابات اپنے بل بوتے پر لڑنے کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیا۔ ان ریمارکس نے گٹھ بندھن کے مستقبل کے بارے میں سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی کی اترپردیش یونٹ کی یہاں ایک میٹنگ کے بعد مایاوتی نے پارٹی کے عہدیداروں، ایم ایل ایز اور نومنتخب ایم پیز سے بھی کہا کہ انتخابی اتحاد پر بھروسہ نہ کیا کریں کہ اس سے ووٹ حاصل ہوجائیں گے بلکہ اپنی پارٹی کے تنظیمی ڈھانچہ کو بہتر بنائیں۔ اس دوران لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی نے کہا کہ وہ بی ایس پی کی طرف سے باقاعدہ موقف کا اظہار کئے جانے کے منتظر ہے کہ آیا اتحاد کو برقرار رکھا جائے یا نہیں۔ مایاوتی کے ریمارکس کے چند گھنٹوں بعد ہی ایس پی کے ترجمان اعلیٰ راجندر چودھری نے بتایا کہ اتحاد کے تعلق سے بی ایس پی کا کوئی سرکاری موقف سامنے نہیں آیا ہے اور ہمیں باقاعدہ بیان کا انتظار ہے۔