ماہ صیام المبارک کی آمد سے آسمان، جنت اور رحمت کے دروازوں کی کشادگی

کل ہند بزم رحمت عالم کا اجلاس بضمن شب قدر، جناب ایم اے مجیب کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 جولائی (پریس نوٹ) اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جس نے روزے کے بارے میں اپنا زاویہ نگاہ اور دائرہ کار وسیع کردیا ہے اور روزہ کے اغراض و مقاصد کو بلند کردیا ہے۔ زندگی کی وہ تمنائیں اور نفسانی خواہشات جو عام طور پر جائز ہیں۔ اسلامی روزہ میں ان پر بھی معین عرصہ کے لئے پابندی عائد کردی جاتی ہے اور اسلام ماننے والا ان پابندیوں کو اپنی دلی رغبت و مسرت کے ساتھ اپنے اوپر عائد کرلیتا ہے۔ یہ چیزیں جسم و روح دونوں کے لئے ایک مفید ورزش ہے۔ اللہ رب العزت نے فرمایا کہ روزہ کا مقصد و مدعا ہے، اہل ایمان اس کے ذریعہ تقویٰ و پرہیزگاری کی دولت حاصل کریں۔ روزے کی حالت میں انسان حرام چیزوں سے تو درکنار ان حلال چیزوں کے قریب بھی نہیں بھٹکتا۔ یہ بات جناب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ صدر کل ہند بزم رحمت عالم ؐ نے آج یہاں مرکزی جلسہ شب قدر کے ضمن میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے کیا۔ انہوں نے دوران خطاب بتایا کہ 26 رمضان المبارک 25 جولائی کو بعد نماز عشاء قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں عظیم الشان پیمانے پر جلسہ شب قدر منعقد ہوگا جس کی نگرانی مولانا مرتضیٰ پاشاہ المعروف حسینی، حافظ مظفر حسین خاں قادری کریں گے جس میں ریاست و بیرون ریاست کے علماء کرام ولولہ انگیز خطاب کریں گے۔ صدر بزم رحمت عالم ؐ نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی برکتیں بے شمار ہیں۔ جن سے اللہ تعالیٰ کے نیک بندے مستفید ہوکر سعادت دارین حاصل کرتے ہیں۔ آخر میں صدر بزم نے عامتہ المسلمین سے پرزور خواہش کی کہ وہ ہمیشہ کی طرح امسال منعقد شدنی عظیم الشان جلسہ شب قدر کو کامیاب بنائیں۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں قابل ذکر مسرس الطاف محی الدین، ایس ایم معراج، عبدالرزاق، کاشف، مظفرخاں، مصطفی خاں اور دیگر شامل ہیں۔ مقامی علماء کرام جس میں مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی اشرفی مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ، مولانا عابد حسین نظامی قادری ملتانی کامل فقہ جامعہ نظامیہ اور بھی شرکت اور مخاطب کریں گے۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری سید ناظم الدین قادری الحسینی کی قرأت کلام پاک سے ہوگا جبکہ ممتاز نعت خواں حافظ و قاری تجمل احمد نقشبندی، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری اور جناب شفیع قادری نعت شہ کونین ؐ پیش کریں گے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سلیم عابدی انجام دیں گے۔