جامع مسجد محبوب شاہی، مسجد حسینی بنجارہ ہلز اور حمیدیہ میں ڈاکٹر حمید الدین شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : رمضان مبارک وہ مہینہ ہے جس کے اول میں رحمت ، درمیان میں مغفرت اور آخر میں آگ سے نجات ہے یعنی رمضان شریف کے تین دہوں میں سے پہلا دہا رحمت پروردگار کو اطاعت گزار بندوں پر بکھیرتا ہے اور دوسرا دہا روزہ داروں کے لئے پروانہ مغفرت لاتا ہے اور تیسرا دہا نجات یعنی آتش جہنم سے رہائی اور چھٹکارے کی نوید لاتا ہے۔ روزہ کا منشاء نفس کا توڑنا، دل میں صفائی پیدا کرنا، فقراء اور مساکین سے موافقت کرنا ہے روزہ جہاں گنہ گاروں کے گناہ معاف کروانے کا ذریعہ ہے وہیں نیکوں اور پرہیزگاروں کے درجات بڑھاتا ہے اور ابرار کو تقرب الٰہی کی دولت سے اور زیادہ نوازتا ہے۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورانی ماحول میں 12 رمضان المبارک کو قبل نماز جمعہ جامع مسجد محبوب شاہی مالاکنٹہ روڈ روبرو معظم جاہی مارکٹ اور مسجد حسینی بنجارہ ہلز روڈ نمبر3 اور بعد نمازعصر حمیدیہ شرفی چمن میں روزہ دار مصلیوں کے نمائندہ اجتماع سے خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ مغفرت کے معنی بخشنا، معاف کرنا وار ساتھ ہی چھپانے کے بھی نکلتے ہیں کیوں کہ بخشش سے گناہ چھپ جاتے ہیں۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ رمضان مبارک کے تین دہے اسی نوید اور خوش خبری کے ساتھ سایہ فگن ہوتے ہیں کہ بندے عفو، مغفرت و نجات اور رحمت بے پایاں سے مالا مال ہو جائیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو یہ موقع پھر سے عنایت فرما یا ہے۔ اب یہ ہمارا کام ہے کہ اس ماہ مبارک کی مابقی ایک ایک ساعت کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت و عبادت، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی سنتوں پر عمل پیرائی فرائض و واجبات کی ادائیگی اور اعمال صالحہ میں گزار کر صحیح معنوں میں اس با برکت مہینے کی رحمتوں اور برکتوں سے مالا مال ہو جائیں ۔ روزہ نماز ،تراویح، تہجد، قرآن مجید کی تلاوت و سماعت کے ساتھ صدقہ و خیرات، غربا و مساکین کے ساتھ درد مندانہ سلوک اور غمگساری ، سچائی ، حق گوئی، اور اچھے معاملات وجہ رحمت و مغفرت و نجات ہیں ۔ ہمیشہ ان اخلاق حمیدہ کو اپناے رکھیں۔بعد نماز جمعہ بارگاہ رسالت مآب ؐ میں سلام گزرانا گیا اور رقت انگیز دعا ئیںکی گئیں۔