ماہ رمضان میں نیکیاں کمانے پر توجہ کی ضرورت

مسلمان فسق و فجور سے دور رہیں۔ مولانا جعفر پاشاہ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( دکن نیوز ) : رمضان المبارک کا متبرک ماہ جس میں مسلمان بڑے خشوع و خضوع سے عبادات کر کے اپنے مالک حقیقی کے ساتھ لگاؤ ، انسیت ، محبت کا اظہار کرتے اور اس ماہ میں نازل کی گئی قرآن سے وابستہ ہو کر عبادت و ریاضت میں دلچسپی رکھتے ہیں ان کیلئے اللہ اپنی رحمتوں کے دہانے کھولدیتا ہے ۔ مسلمان صرف اس ماہ میں قرآن کی تلاوت کو لازم نہ کرلیں بلکہ ترجمانی کے ساتھ اس کو پڑھنے کی عادت ڈالیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حسام الدین ثانی عامل المعروف جعفر پاشاہ نے نماز جمعہ سے قبل جامع مسجد دارالشفاء میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے نادر موقع ہاتھ آرہا ہے کہ وہ رمضان کی گھڑیوں میں جہاں احتساب کی عادت ڈالیں وہیں نمازوں کا بکثرت اہتمام کریں ۔ رمضان کی پہلی رات آتی ہے تو مسلمان میں خواہش و تمنا پیدا ہوتی ہے کہ عبادات کا اہتمام کریں جس کیلئے مسجدیں تنگ دامنی کا شکوہ کرتی ہے اگر اس ماہ میں صرف ارادہ کرلیں کہ رمضان کے ختم ہونے کے بعد بھی اللہ کی طرف مائل ہوتا رہوں گا تو وہ رب کائنات یقینا مدد کرے گا ۔ اس بات کی فکر کریں کہ اللہ تعالی سنت و نوافل کا اجر فرض کے برابر دیا کرتا ہے اس طرح اگر کوئی چھوٹی نیکی بھی کرتے ہیں تو اس کا اجر بڑا عطا کیا جائے گا ۔ نماز کے ساتھ اپنی اصلاح و گھر والوں کی اصلاح کی طرف توجہ دیں اس لیے کہ یہ ماہ نیکیوں کو زیادہ سے زیادہ کمانے کا ماہ ہے اور دل و ذہن اس بات کی طرف آمادہ و تیار رہتے ہیں کہ نیکی حاصل کی جائے ۔ غیبتوں ، بہتان تراشی و دیگر برائیوں سے اجنتاب کیا جانا چاہئے ۔ انہوںنے رمضان کے استقبال کی یہ صورت بتائی کہ اس ماہ میں یا ماہ کے آنے سے قبل کثرت سے درود کا اہتمام کیا جائے ۔ آج رحمت باراں کیلئے عوام پریشان ہے اس کیلئے خصوصی دعائیں بارش کے لیے کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے درود کی فضیلت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے دن ، جگہ اور وقت مقرر نہیں بلکہ ہر حال میں ایک مومن درود پڑھ سکتا ہے ۔ مولانا نے عالم اسلام عراق شام اور فلسطین میں جو تازہ واقعات ہوئے ہیں اس پر تشویش کا اظہار کیا اور جو ان کے لیے دعا بھی کی ۔