کریم نگر /26 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شہر کریم نگر کی مسلم انجمنوں کے ذمہ داران کا ایک وفد سید غلام احمد چشتی اور سید وہاج الدین کی قیادت میں ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر کریم نگر کے تمام مساجد کے آس پاس صاف صفائی رکھنے برقی اور پانی کی سربراہی کو یقینی بنائے رکھنے کیلئے مجلس بلدیہ کارپوریشن کے مسٹر سردار رویندر سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری یاددات پیش کی ۔ اس کے علاوہ نظم و ضبط کی برقراری ، محکمہ انتظامیہ پولیس ، او ایس ڈی کمشنر بلدیہ اور برقی محکمہ کے ذمہ داران کے علاوہ کلکٹر ضلع کریم نگر نیتو پرساد کماری کو بھی ایک یادداشت پیش کی ۔ ماہ رمضان میں روزہ دار تراویح کی نماز پڑھ کر رات میں دیر سے گھر لوٹتے ہیں ۔ رمضان کے موقع پر فٹ پاتھ پر بھی لوگ کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرتے ہیں جو صرف ماہ رمضان کی حد تک ہی ہوتا ہے انہیں بھی اجازت دی جائے کیونکہ وہ محنت کرکے خصوصی پکوان کرتے ہیں تاکہ ان کا بھی روزگار چل سکے ۔ سید غلام احمد حسین نے مئیر مجلس بلدیہ سے درخواست کی کہ رمضان المبارک کے مہینہ میں روزہ داروں کو تکلیف نہ ہو ۔ مئیر اور میونسپل کمشنر نے تیقن دیا کہ رمضان المبارک کے موقع پر مسلمانوں کو شکایت کا موقع نہیں دیں گے ۔