سدی پیٹ میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ آر ڈی او کا جائزہ اجلاس
سدی پیٹ 19 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہ رمضان کے پیش نظر آر ڈی او آفس سدی پیٹ میں امن کمیٹی کا اجلاس زیرصدارت آر ڈی او سدی پیٹ مسٹر اے متیم ریڈی کل منعقد ہوا۔ تفصیلات کے بموجب اجلاس میں مختلف جماعتوں سے وابستہ سیاسی، مذہبی، سماجی قائدین کے علاوہ معزز شہریان سدی پیٹ نے شرکت کی۔ اس موقع پر آر ڈی او سدی پیٹ مسٹر اے متیم ریڈی نے اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ سارے ملک میں شہر سدی پیٹ ایک ایسا شہر ہے جہاں ہندو مسلم شیر و شکر بھائی بھائی کی طرح رہتے ہیں۔ سدی پیٹ امن و امان کا گہوارہ ہے۔ آر ڈی او نے برقی حکام، بلدی عہدیدار اور ریونیو عہدیداروں کے پینے کے پانی کی سربراہی، مساجد کے قریب صاف صفائی اور گڑھوں اور سڑکوں کی مرمت، برقی سربراہی، قبرستانوں اور عیدگاہ کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی اور گیس ڈیلرس کو پابند کیا کہ گیس بُک کرتے ہی فوراً ڈیلیوری دیں کسی قسم کی شکایت کا موقع نہ دیں۔ رات 12 بجے تک ہوٹلیں، دوکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی۔ مساجد کے پاس روشنی کے انتظام کو یقینی بنانے کیلئے الیکٹرسٹی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ آر ڈی او نے 26 رمضان کو خصوصی طور پر سحر تک بازار، ہوٹلیں اور دوکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت دی۔ اس موقع پر مسلم قائدین نے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ماہ رمضان میں رات 10 بجے تک مسلمان عبادات میں مصروف رہتے ہیں۔ دوکانات، ہوٹلوں کو رات 12 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے اور مساجد کے اطراف سڑکوں کی مرمت، صفائی اور روشنی، پانی کی مؤثر سربراہی، قبرستانوں اور عیدگاہ کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس طرح ہندو قائدین نے کہاکہ مساجد کے قریب سڑکوں کی مرمت، ہر روز صفائی، روشنی اور پانی کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ محکمہ بلدیہ کے عہدیدار ڈی ای لکشمن، اے ای امتیاز، صفائی انسپکٹرکرشنا ریڈی، الیکٹرسٹی اے ای، ون ٹاؤن سی آئی سریندر ریڈی، II ٹاؤن سی آئی سیدلو، فرسٹ ایس آئی، ٹی آر ایس قائدین، راج نرسو، بی جے پی قائدین جناردھن، راجیشم، کانگریس، ورما صدر ٹاؤن، رسول بابا، تنظیم مساجد کے صدر اعجاز حفیظ، سابق صدر تنظیم ایم اے سلیم، ایم اے صبور، تحصیلدار این وائی گیری، غوث محی الدین، شہید خاں، کنکا راجو، علیم الدین سجو، نوید، ودیا ساگر بی جے پی، منیرالدین، امان موجود تھے