وشاکھاپٹنم۔ /2اپریل، ( پی ٹی آئی) وشاکھاپٹنم میں ایک 22سالہ نوجوان نے اپنی ماں کی موت کا صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے اپنے گھر میں برقی پنکھے سے لٹک کر پھانسی لے لی۔ یہ واقعہ ضلع کے کبری ٹوٹا علاقہ میں پیش آیا۔ متوفی کی شناخت ایس مہیش کی حیثیت سے کی گئی ہے جو شہر کے ایک فوٹو اسٹوڈیو میں ملازم تھا۔ پولیس کے مطابق مہیش کی ماں 55سالہ ایس اپلا کونڈا بیماری کے سبب گذشتہ رات فوت ہوگئی تھی۔ مہیش کا بڑا بھائی، بہنیں اور رشتہ دار آخری رسومات کے انتظامات میں مصروف تھے کہ مہیش نے اپنے گھر کی پہلی منزل پر پہنچ کر انتہائی قدم اٹھایا۔اسے پھانسی سے لٹکتا دیکھ کر رشتہ داروں نے پولیس کو اطلاع دی۔ مہیش کی نعش بغرض پوسٹ مارٹم کنگ جارج ہاسپٹل منتقل کردی گئی۔ ضابطہ کی کارروائی کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔