حیدرآباد ۔ 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) سوتیلے باپ کی نفرت کا شکار ایک معذور کمسن لڑکی اس کی حقیقی ماں کے ہاتھوں مشتبہ انداز میں ہلاک ہوگئی۔ یہ انسانیت سوز واقعہ سائبرآباد کے علاقہ مائیلار دیوپلی پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 3 سالہ لکشمی کو اس کی ماں نے مارپیٹ کا نشانہ بنایا جو ان ماروں کی تاب نہ لاکر فوت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہیکہ لکشمی اڑم گڈہ علاقہ کے ساکن سرینواس کی بیٹی تھی۔ سرینواس کی گذشتہ چند عرصہ قبل موت ہوگئی تھی۔ لڑکی جسمانی اور ذہنی معذور تھی جو نہ بات کرسکتی تھی اور نہ ہی اپنی کسی بھی قسم کی ضرورت کو خود پورا کرسکتی تھی۔ تین ماہ قبل لکشمی کی والدہ جیہ اماں نے بسوراج نامی شخص سے شادی کرلی تھی۔ بسوراج کی بھی جیہ اماں سے دوسری شادی تھی۔ انسپکٹر مائیلار دیوپلی مسٹر وینکٹ ریڈی نے یہ بات بتائی اور مزید کہاکہ شادی کے بعد اس کمسن لکشمی کے ساتھ لاپرواہی کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ یہ کمسن لڑکی اپنی سوتیلے باپ کی نفرت کا شکار ہوگئی تھی۔ اکثر جب وہ گھر میں رہتا تھا، تب اس لڑکی کو نفرت بھری نگاہ سے دیکھتا تھا۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔ کل رات دونوں میاں بیوی کھانا کھا رہے تھے کہ اس دوران لکشمی رونے لگی۔ یہ معذور کمسن لڑکی ضرورت سے فارغ ہوگئی تھی اس پر لڑکی کی والدہ جیہ اماں نے برہمی کے عالم میں اسے گھسٹیتے ہوئے لے گئی اور اس کمسن کی ضرورت کو پورا کرنے کے بعد اسے ڈھکیل دیا۔ لڑکی نیچے گرنے کے بعد بیہوش ہوگئی۔ تاہم اس وقت لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا اور اس معذور کو نتہا اس کے حال پر چھوڑ دیا گیا اور لڑکی ایسی حالت میں تڑپتے ہوئے فوت ہوگئی۔ پولیس نے لڑکی کی والدہ کے خلاف غیرارادتی طور پر قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔