منامہ ۔ /22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں ایک عدالت نے ماں کو زدوکوب کرنے والے نالائق بیٹے کو پانچ سال کی قید اور برسرعام 2400 کوڑے لگانے کی سزاء دی ہے ۔ 30 سال عمر کے اس نالائق کا ایک دانت بھی توڑا جائے گا کیونکہ اس کے حملہ میں ماں کا ایک دانت بھی ٹوٹ گیا تھا ۔ مشرقی وسطی کے تمام آسمانی مذاہب آنکھ کے بدلے آنکھ اور ناک کے بدلے ناک ‘ جان کے بدلے جان کی سزاء تجویز کرتے ہیں حتی کہ ماقبل اسلام بائبل کی قدیم تہذیب کے قوانین میں بھی ایسی ہی سزائیں دی جاتی تھیں ۔ جج نے کہا کہ اس شخص کو ہر 10 دن میں 40 کوڑوں کے حساب سے 60 حصوں میں 2400 کوڑوں کی سزاء پوری کی جائے گی ۔
برطانوی وزیر کو غلاف کعبہ کی تیاری میں شرکت کا اعزاز
ریاض /لندن۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد برطانوی وزیر سعیدہ وارثی نے غلافِ کعبہ (کسوہ) کی تیاری کے عمل میں شرکت کی اور ریشمی کپڑے سے تیار کیے جانے والے غلاف پر کشیدہ کاری کی کوشش کی۔ بیرونس سعیدہ وارثی برطانوی دفتر خارجہ کی سینئر وزیر مملکت ہیں اور عقیدے اور کمیونیٹیز کے امور کی وزیر ہیں۔ وہ عمرہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انھیں کسوہ فیکٹری کے دورے کے موقع پر کعبہ اللہ کے غلاف کی تیاری کے عمل کی تاریخ اور اس میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ سعیدہ وارثی نے بعد میں ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ انھیں حج 2014ء کے لئے غلافِ کعبہ کی تیاری کے عمل میں شرکت کا سنہری موقع ملا ہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ وہ عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے یہ بات نوٹ کی ہے کہ مکہ معظمہ میں برطانوی فرموں کے لیے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ انھوں نے مزید لکھا کہ انھیں برطانوی فرم پی بی ورلڈ کو مکہ کے انفرااسٹرکچر پروگرام کی معاونت کے لیے بڑاپراجکٹ حاصل کرنے پر بڑی خوشی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ کی انجینیرنگ کنسلٹینسی فرم پارسنز برنکرہوف کو گزشتہ سال مکہ کے نئے پبلک ٹرانسپورٹ پروگرام کاپراجکٹ ملاہے۔