حیدرآباد ۔ 2 مئی (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ مائیلادیو پلی میں پیش آئے دلسوز واقعہ میں بچی ہلاک اور ماں شدید جھلس گئی۔ بتایا جاتا ہیکہ سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانی اور والد کی لاپرواہی سے یہ خاتون تنگ آ چکی تھی، جس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے اپنی 18 ماہ کی بچی کے ہمراہ خودسوزی کرلی۔ تاہم مقامی عوام اور پڑوسیوں نے فوری طور پر چوکسی اختیار کرتے ہوئے دونوں کو ہاسپٹل منتقل کیا۔ تاہم شیرخوار ہلاک ہوگئی جبکہ اس کی والدہ شدید جھلسی ہوئی حالت میں زخمی بتائی گئی ہے۔ انسپکٹر مائیلا دیوپلی سید نعیم الدین جاوید کے مطابق 23 سالہ نونیتا نے اپنی 18 ماہ کی لڑکی نیہاریکھا کے ہمراہ خودسوزی کرلی۔ نونیتا کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی ہے۔ نونیتا بالاپور علاقہ کے ساکن بی کمار کی بیوی تھی۔ تین سال قبل ان کی شادی ہوئی تھی۔ خاندانی مسائل اور مالی پریشانیوں کے سبب نونیتا کی شادی ان کے باپ نے کمار سے کی تھی، جو گونگا بتایا گیا ہے۔ شادی کے دو سال بعد نونیتا کے والد نے مالی پریشانی کے سبب اپنی بیٹی کی سونے کی چین لی تھی اور اسے واپس نہیں کیا۔ اس بات کا علم ہونے کے بعد اس خاتون کے سسرال میں ہراسانی بڑھ گئی اور آئے دن مسائل پیش آنے لگے۔ اگادی تہوار کے موقع پر جب نونیتا اپنے مائیکے آئی تو اس خاتون کو سسرالی رشتہ داروں نے پابند کردیا تھا کہ وہ سونے کی طلائی چین لیکر ہی سسرال واپس آئے۔ اس کے بعد روزانہ کے بحث مباحثہ و پریشانیوں سے تنگ آ کر نونیتا نے انتہائی اقدام کرلیا۔ انسپکٹر سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ پولیس نے اس خصوص میں قتل، جہیز و ہراسانی اور خودکشی کیلئے مجبور کرنا جیسے دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔