ماں باپ کے گھر سے 67 تولہ سونا سرقہ کرنے والی بیٹی گرفتار

حیدرآباد ۔ 3؍ جنوری (سیاست نیوز) میکے میں سرقہ کی واردات انجام دینے والی بیٹی کو نارائن گوڑہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتاہے کہ حمایت نگر اسٹریٹ نمبر 13 کے ساکن افضل اور محبوب بی کی لڑکی 28 سالہ شوکت النساء منور نے چینائی کے متوطن ستیہ نارائنا نامی شخص سے بین مذہبی شادی کی تھی اور حال ہی میں اپنے والدین کے مکان لوٹ کر یہ ڈرامہ کیا تھا کہ اس نے  اپنے شوہر سے جھگڑے کے سبب گھر واپس لوٹ آئی ہے ۔ اپنے والدین کا بھروسہ حاصل کرنے کے بعد شوکت النساء عرف ریویتی نے مکان میں موجود 67 تولے طلائی زیورات اور 40 تولے چاندی کا سرقہ کرلیا ۔ مکان سے اچانک طلائی زیورات غائب ہونے پر شیخ افضل نے نارائن گوڑہ پولیس سے ایک شکایت درج کروائی تھی اور پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور شبہ کی بنیاد پر شوکت النساء پر کڑی نظر رکھی تھی ۔ اسی دوران لڑکی نے آر ٹی سی کار روڈ پر واقع ایک جیویلیری شاپ میں مسروقہ مال فروخت کرنے کی کوشش کر رہی تھے کہ پولیس نارائن گوڑہ نے اسے گرفتارکرلیا اور اپنے مکان سے سرقہ کئے ہوئے مال کو برآمد کرلیا ۔