ماویسٹ کمانڈر ہڈما کا قریبی ساتھی گرفتار : پولیس کا دعوی

حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( پی ٹی آئی ) ایک اہم ماویسٹ رکن اور ٹاپ ماویسٹ کمانڈر ماڈوی ہڈما کا قریبی ساتھی دو قاصدوں کے ساتھ بھدرادری ۔ کتہ گوڑم ضلع میں گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ 22 سالہ ایس سوما کا تعلق چھتیس گڑ؍ سے ہے اور وہ ہڈما بٹالین کی ہیڈ کوارٹر پلاٹون میں ڈپٹی سیکشن کمانڈر کی حیثیت سے کام کر رہا تھا ۔ وہ دھماکو مادو ‘ بندوقوں اور گرینیڈ لانچرس وغیرہ میں استعمال ہونے والی اشیا کی سپلائی کا نگران تھا ۔ بھدرا دری ۔ کتہ گوڑم ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس سنیل دت نے یہ بات بتائی ۔ سوما 2014 سے ہڈما کا گن مین بھی ہے اور اس نے پولیس اہلکاروںا ور نیم فوجی عملہ پر چھتیس گڑھ میں گھات لگا کر کئے گئے حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں بھی ملوث رہا ہے ۔ ان حملوں میں کئی اہلکاروں کی موت واقع ہوئی ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ یہ ایک بڑی گرفتاری ہے ۔ اس نے بٹالین کے کئی منصوبوں کا پردہ فاش کیا ہے ۔ ان کے ہتھیاروں وغیرہ اور ان کے قیام کے تعلق سے بھی اطلاعات اس کے ذریعہ حاصل کی جا سکی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان معلومات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مستقبل کی کارروائیوں کا منصوبہ تیار کیا جائے گا ۔