ماویسٹ دلم رکن کوم پلی نمبیا کی خود سپردگی

کریم نگر۔/25جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 2011ء سے روپوش ماویسٹ کے کے ڈبلیو دلم رکن33سالہ کوم پلی نمبیا عرف نوین نے چہارشنبہ کو یہاں ضلع ایس پی کے روبرو خود سپردگی اختیار کرلی۔ پدا پلی منڈل تما پلی موضع کے متوطن ماویسٹ نمبیا 2011 سے روپش تھا، گھریلو اور معاشی مسائل سے پریشان حال نوین نے ماویسٹ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ کچھ افراد سے دوستانہ تعلقات کے بعد پداپلی علاقہ کے ماویسٹ ڈی سی ایم ہری کیلا شنکر عرف بھوپتی سے دوستی اختیار کی اور ماویسٹ تحریک میں شامل ہوگیا تھا۔ ایس پی مسٹر شیوا کمار نے بتایا کہ دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے نوین نے کچھ دنوں تک میڈیکل شاپ میں کام کیا اسی دوران ماویسٹ کو ادویات اور دیگر ساز و سامان سربراہ کرتے ہوئے کوریئر کی طرح سے پارٹی پروگراموں میں حصہ لیا کرتا تھا۔

انہوں نے بتایاکہ اس نے مغربی بنگال میں انکاؤنٹر میں فوت ہوجانے والے پداپلی کے متوطن مرکزی کمیٹی ملو جولا کونیشور راؤ عرف کشن کی موت کے دن وہ اور اس کے ساتھی ایک اور شخص کے ساتھ کے کے ڈبلیو ڈی سی ایس دی روی عرف سدھاکر کے ساتھ ملکر ماویسٹ میں شرکت کرلی۔ اس نے پہلے کھمم ضلع وینکٹا پورم ایریا کمیٹی رکن کی حیثیت سے کام کیا اور2012 میں کے کے ڈیا ڈیویژنل کمیٹی میں تبادلہ کیا گیا۔ 2013ء میں پورکی میں ہوئے انکاؤنٹر میں اس نے اپنی جان بچانے میں کامیابی حاصل کی اور فرار ہوگیا تھا۔ میڈیکل شعبہ میں جو بھی تجربہ تھا اس کی وجہ سے چھتیس گڑھ میں کچھ دن اس نے ماویسٹ سے متاثرہ مقامات پر میڈیکل خدمات انجام دیا۔نمبیا نے بتایا کہ کچھ عرصہ سے وہ ناسازی مزاج ، نظر کی کمزوری سے بری طرح پریشان تھا اس طرح سے ماویسٹوں کے ساتھ رہ کر زندگی نہیں گذاری جاسکتی اس لئے اس نے ضلع ایس پی شیوا کمار کے سامنے اپنے آپ کو خود سپرد کردیا۔