ماویسٹ اب تلنگانہ کا رخ کررہے ہیں

حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : آندھرا ۔ اڈیشہ حدود پر نکسلائٹس سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور کومبنگ آپریشن کے جاری رہنے کے پیش نظر ممنوعہ ماویسٹ نکسلائٹس اب ریاست تلنگانہ کا رخ کرنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔ اس طرح تلنگانہ کے سرحدی اضلاع کتہ گوڑم ، عادل آباد ، محبوب نگر وغیرہ میں ماویسٹ نکسلائٹس ایکشن ٹیمیں گھس آنے اور شہری علاقوں میں نکسلائٹس کی گہماگہمی کی ریاستی پولیس انٹلی جنس کو اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ بالخصوص چھتیس گڑھ سے شمالی و جنوبی تلنگانہ کے اضلاع میں ماویسٹ نکسلائٹس کی کثیر تعداد کے داخل ہونے کی اطلاعات پر پولیس کی ٹیموں کو بھی چوکس کردئیے جانے کی اطلاعات پائی جارہی ہیں ۔ باوثوق پولیس ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ بالخصوص جئے شنکر بھوپال ، بھدرا دری ، کتہ گوڑہ ، ورنگل اربن و رورل اضلاع میں ایکشن ٹیموں کے گشت کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے اور ماویسٹ نکسلائٹس ایکشن ٹیموں کی مذکورہ اضلاع میں داخلہ لینے اور گشت کرتے ہوئے پائے جانے کی اطلاعات پر پولیس نے غیر معمولی چوکسی اختیار کر کے نکسلائٹس کی ہٹ لسٹ میں پائے جانے والے مختلف قائدین کو بھی چوکس کرتے ہوئے انہیں ہمیشہ ہوشیار و چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ۔ بلکہ پولیس عہدیداروں نے قبل از وقت کسی اطلاع کے بغیر انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے دو روزہ علاقوں ( مواضعات ) کا دورہ نہ کرنے کی ہٹ لسٹ میں پائے جانے والے قائدین کو سخت ہدایات دیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ماویسٹ نکسلائٹس کی ایکشن ٹیموں کا پتہ چلانے اور ان پر گہری نظر رکھنے کے لیے خصوصی پولیس ٹیموں کو تلاشی مہم میں مصروف کردیا گیا ہے ۔۔