کھٹمنڈو ، 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ماؤنٹ ایورسٹ سطح سمندر سے 8848 میٹر بلند ہے اور یہ دنیا کی بلند ترین چوٹی ہے۔ اس ہفتے دنیا بھر کے کوہ پیما دنیا کے سب سے بلند پہاڑ کی چوٹی سر کرنے کیلئے اپنی جان پر کھیل کر برفیلی چٹانوں سے گزر رہے ہیں۔ کوہ پیمائی کیلئے خوشگوار موسم کے اس مختصر سے وقفے میں مانسون کی آمد سے قبل کئی سو کوہ پیما ایورسٹ کو سر کرنے کی امید کر رہے ہیں۔ تاہم گزشتہ سال پیش آنے والے واقعات ابھی لوگوں کے ذہن سے محو نہیں ہوئے ہوں گے۔ ایورسٹ سطح سمندر سے 8848 میٹر کی بلندی پر ہے۔ ایورسٹ کو پہلی بار کامیابی کے ساتھ نیوزی لینڈ کے کوہ پیما سر ایڈمنڈ ہلری اور شرپا تن زنگ نارگے نے 29 مئی 1953ء میں فتح کیا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک چار ہزار سے زیادہ افراد اس چوٹی کو سر کر چکے ہیں۔ 2013ء میں 658 افراد ایورسٹ کو فتح کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ اب تک دنیا کے اس بلند ترین چوٹی کو سر کرنے کی کوشش میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ سال 18 اپریل کو برف کے تودے کھسکنے سے 16 شرپا ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب وہ ایورسٹ کے دامن میں کھمبو گلیشیئر پر رہنمائی کیلئے رسیاں نصب کر رہے تھے۔