ماؤنواز حملہ میں دوردرشن کیمرہ مین، دو پولیس ملازمین ہلاک

چھتیس گڑھ کے جنگلاتی علاقہ میں فائرنگ، وزیر اطلاعات و نشریات کا معاوضہ کا اعلان
رائے پور 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع دانتیواڑہ میں منگل کو نکسلائٹوں کے حملے میں دوردرشن کا ایک کیمرہ مین، دو پولیس ملازمین ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (مخالف نکسلائیٹ مہم) سندر راج پی نے پی ٹی آئی سے کہاکہ یہ واقعہ نیل وایا گاؤں کے قریب ایک جنگلاتی علاقہ میں آج 11 بجے دن پیش آیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مقامی پولیس کی ایک ٹیم ساملی کیمپ سے نیل وایا کی طرف موٹر سیکلوں پر پٹرولنگ کررہی تھی جس کو ماؤنوازوں نے گھات لگاکر حملے کا نشانہ بنایا۔ دوردرشن کی تین رکنی ٹیم انتخابات سے متعلق خبروں کی فلمبندی کے لئے اس علاقہ سے سفر کررہی تھی کہ اس کے ارکان فائرنگ کی زد میں آگئے۔ سندر راج نے مزید کہاکہ اس حملے میں سب انسپکٹر ردرا پرتاپ سنگھ، اسسٹنٹ کانسٹبل منگلو اور ڈی ڈی نیوز کے کیمرہ مین اچھیوتانند ساہو ہلاک ہوگئے۔ انتخابی خبروں کی فلمبندی کے لئے ساہو نئی دہلی سے یہاں پہونچے تھے۔ پولیس افسر نے کہاکہ ڈی ڈی نیوز ٹیم کے دیگر دو ارکان جن میں ایک جرنلسٹ بھی شامل ہے، کانسٹبل وشنو نیتم اور اسسٹنٹ کانسٹبل راکیش کوشل فائرنگ میں زخمی ہوگئے ہیں جنھیں دانتیواڑہ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے اور اگر ضروری ہو تو اُنھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ رائے پور ہاسپٹل منتقل کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے ماؤونواز حملہ کی مذمت کی اور کہاکہ تخریب کار اس حکومت کے عزم و عہد کو کمزور نہیں کرسکیں گے۔ وزیر اطلاعات و نشریات وائی ایس راٹھور نے آج 15 لاکھ روپئے کا معاوضہ دوردرشن کے نیوز کیمرہ مین کے ورثہ کیلئے منظور کیا ۔ نکسلائیٹس کے حملے میں یہ کیمرہ مین ہلاک ہوگیا تھا ۔