لندن۔9 جون (سیاست ڈاٹ کام) کنسلٹنسی ’برانڈ فائنانس‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں سیزن میں کوئی بھی ٹرافی نہ حاصل کر نے کے باوجود مانچسٹر یونائیٹڈ 63 فیصد اضافے کے ساتھ پہلا بلین ڈالرز فٹبال برانڈ بن گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دس سب سے قیمتی فٹبال برانڈز میں سے چھ کا تعلق انگلینڈ سے ہے جبکہ کوئی اطالوی کلب سرفہرست 10 میں شامل نہیں ہے۔ جرمن کلب بائرن میونخ فٹبال برانڈ ٹیبل پر دوسرے، ریال میڈرڈ تیسرے انگلش کلب مانچسٹر سٹی چوتھے جبکہ چیلسی کا پانچواں نمبر ہے۔ چیمپئنز لیگ کے فائنل میں اطالوی کلب یوونٹس کو شکست دینے والا کلب بارسلونا دو درجے نیچے آتے ہوئے 773 ملین ڈالرز حیثیت کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔
برطانوی سائیکلسٹ کا طویل ترین فاصلہ طے کرنے کا عالمی ریکارڈ
لندن۔9 جون (سیاست ڈاٹ کام) بریڈلے وگنز نے ایک گھنٹے کے دوران54.52 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے اپنے ہم وطن ایلکس ڈائوسیٹ کا ریکارڈتوڑ دیا۔ ایلکس نے اتنے ہی وقت میں 52.93 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا تھا۔ ٹور ڈی فرانس کے سابق فاتح بریڈلے نے اس دوران 250 میٹر کے 218 لیپ مکمل کئے۔ انہوں نے ریکارڈ بنانے کے بعد کہا کہ میں ہمیشہ اپنا عظیم کھلاڑیوں سے مقابلہ کرتا تھا۔ میں ان لوگوں کی صف میں شامل ہونے پر بہت خوش ہوں۔ ایسا کرنے کے لئے بہت جرات کی ضرورت تھی اور یہ بہت مشکل تھا۔ واضع رہے کہ بریڈلے کو 2012 اولپمک پر گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ سائیکلنگ کی عالمی باڈی کی جانب سے تسلیم کردہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ٹوٹنے والا پانچواں ریکارڈ ہے لیکن بریڈلے اسے ایک نئی بلندی پر لے گئے ہیں۔