لندن ۔ 2 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) کیپٹل ون فٹبال کپ کے کوارٹر فائنل مقابلے میں مانچسٹر سٹی نے حریف ہل ٹیم کو بآسانی شکست دے دی ہے۔ مانچسٹر سٹی کی جانب سے ولفرائیڈ بونی نے 12 ویں منٹ میں گول کر کے فاتحانہ آغاز کیا اور پہلے ہاف کے اختتام تک مانچسٹر سٹی کو حریف ٹیم پر 2-1 کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں مانچسٹر سٹی کے اسٹرائیکر ڈی برائن نے دو بار گیند کو جال میں پہنچایا اور ہل کے کھلاڑیوں کو 4-1 سے زیرکیا۔ اس ایونٹ کے ایک دیگر کوارٹر فائنل میں اسٹوک سٹی اور شیف ویڈ کے کھلاڑی مد مقابل ہوئے ۔ اسٹوک سٹی کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور حریف کھلاڑیوں کو بے بس کر کے رکھ دیا۔ اسٹوک سٹی نے شیف ویڈ کو 2-0 سے مات دیکر ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔