مانچسٹر سٹی کو حیران کن شکست

لندن۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش پریمیئر لیگ کی دفاعی چمپیئن مانچسٹر سٹی، نیوکیسل کے خلاف حیران کن شکست سے دوچارہوگئی جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ بھی ایسی ہی شکست سے بال بال بچی اور اس کے کھلاڑیوں نے آخری 10منٹ میں2گول کرکے برنلے کے ساتھ مقابلہ2۔2سے برابر کیا۔ پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی کی اس ناکامی نے لیور پول کیلئے خطاب کی دوڑ میں آسانی پیدا کردی ہے اور وہ اپنا میچ جیت کر مانچسٹر سٹی کے خلاف مزید سبقت حاصل کر سکتی ہے۔ نیوکیسل کی ٹیم اس وقت جدول پر 14 ویںنمبر پر ہے اور اسے اس فتح سے کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا جبکہ مانچسٹر سٹی کو شدید دھکا لگا ہے۔ توقع نہیں تھی کہ دفاعی چمپیئن اس میچ میں ناکامی سے دوچار ہو جائے گی۔ سرگیو ایگیورو نے میچ کے24ویں سیکنڈ میں گول کرکے مانچسٹر سٹی کی بڑی فتح کے امکانات پیدا کر دیئے تھے لیکن سالمون رونڈن نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ جاری سیزن میں اب تک کا بدترین کھیل پیش کرنے والی مانچسٹر سٹی کو اصل دھکا اس وقت لگا جب میچ ختم ہونے سے 10منٹ پہلے نیوکیسل کو پنالٹی کک ملی اور میٹ رچی نے اس پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی ۔

بدترین بیٹنگ مظاہرہ:روہت
ہیملٹن۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے ونڈے میں آٹھ وکٹ سے شرمناک شکست کے بعد ہندستان کے قائم مقام کپتان روہت شرما نے اسے طویل عرصے کے بعد بیٹنگ میں بدترین مظاہروں میں سے ایک قراردیا ہے ۔روہت نے اپنے 200 ویں ون ڈے میں شکست کے بعد کہاکہ طویل عرصے بعدبیٹنگ میں یہ ہمارے بدترین مظاہروں میں سے ایک ہے ۔ ہمیں اس کی بالکل توقع نہیں تھی۔ چوتھے ونڈے میں ہندوستانی ٹیم 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔