مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیئر لیگ خطاب جیت لیا

مانچسٹر سٹی ۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مانچسٹرسٹی نے 14-2013 کے سیزن کے آخری میچ میں ویسٹ ہیم کو شکست دے کر تین برس میں دوسری مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ جیت لی ہے۔ چیمپیئن بننے کے لئے مانچسٹرسٹی کو یہ میچ صرف ڈرا کرنا ضروری تھا لیکن گھریلو میدان پر کھیلے گئے میچ میں مانچسٹر سٹی نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔کھیل کے 39 ویں منٹ میں سمیر نصری نے گول کر کے مانچسٹر سٹی کوبرتری دلوائی جسے دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی کومپنی نے دوگنا کر دیا۔مانچسٹر سٹی کی دو گول کی یہ برتری آخر تک قائم رہی اور وہ سیزن کے 38 مقابلوں میں86 نشانات کے ساتھ انگلش پریمیئر لیگ جیتنے میں کامیاب رہی۔ یہ انگلش فٹبال سیزن کی تاریخ میں چوتھا اور پریمیئر لیگ کے آغاز کے بعد دوسرا موقع ہے کہ مانچسٹر سٹی چیمپیئن بننے میں کامیاب ہوئی ہے۔اس سے قبل کلب نے 1936-37 اور 1967-68 میں فرسٹ ڈویژن فٹبال لیگ اور 2011-12 میں پریمیئر لیگ جیتی تھی۔