لندن ، 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اولڈ ٹریفورڈ میں پریمیر لیگ کے سنسنی خیز مقابلے میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے آرسنل کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ مارکوس ریش فورڈ 2 گول کر کے مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے گول کرنے والے تیسرے کم عمر اسٹرائیکر بن گئے۔ پریمیر لیگ میں مسلسل شکست کا سامنا کرنے والی مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم آرسنل کے خلاف زیادہ تیاری کے ساتھ میدا ن میں اتری۔مانچسٹر کے کھلاڑیوں نے میچ کے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا اور اُن کے گول پر لگاتار حملے کئے۔مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے مارکوس ریش فورڈ نے 29 ویں اور 32 ویں منٹ میں گول کیا۔ اینڈر ہریرا نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے تیسرا گول کیا۔ آرسنل کی جانب سے پہلا گول ڈینی ویل بیک اور دوسرا گول میست اوزل نے کیا۔ اس کامیابی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو پریمیر لیگ میں پانچویں پوزیشن پر پہنچادیا ہے۔ آرسنل اس شکست کے باوجود تیسری پوزیشن پر برقرار ہے۔