مانوجیت کو برونز مگر اولمپک کوٹہ حاصل نہ ہوا

نئی دہلی ، 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق ورلڈ چمپئن مانوجیت سنگھ سندھو نے میکسیکو کے اکاپلکو میں 2015ء ورلڈ کپ میں برونز میڈل جیتا، لیکن پھر بھی اولمپک کوٹہ کے حصول سے محروم رہے کیونکہ اسٹار ہندوستانی ٹراپ شوٹر ٹاپ دو پوزیشن کے اندرون اختتام میں ناکام ہوگئے۔ مینس ٹراپ ایونٹ میں گزشتہ روز مانوجیت نے جو میڈل جیتا وہ اس ٹورنمنٹ میں ہندوستان کا پہلا تمغہ ہے۔ اس ایونٹ میں گولڈ میڈل اٹلی کے مسیمو فابریزی کے حق میں گیا جنھوں نے لجنڈری آسٹریلیائی شوٹر مائیکل ڈائمنڈ کو فائنل مقابلے میں شکست دی۔ ہندوستانی اسٹار نے شوٹ آف میں 12 نشانے لگاتے ہوئے سیزن کے پہلے ورلڈ کپ میں مینس ٹراپ ایونٹ کا تیسرا مقام پایا۔ انھوں نے پرتگال کے یواؤ ازیویدو کو برونز میڈل شوٹ آف میں مات دی۔ اس مسابقت میں شامل دیگر دو ہندوستانیوں پرتھوی راج توندائمن اور زوراور سنگھ سندھو نے ترتیب وار 24 ویں اور 49 ویں پوزیشن پر اختتام کیا۔ مانوجیت کوالیفکیشن راؤنڈس کے بعد دوسرے مقام پر تھے۔