مانصاحب ٹینک کے قریب نوجوان پر قاتلانہ حملہ

حیدرآباد۔/16مارچ، ( سیاست نیوز) مانصاحب ٹینک چاچا نہرو پارک کے قریب آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک نوجوان پر اچانک ہتھیاروں سے قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ہمایوں نگر پولیس نے بتایا کہ 26سالہ شیخ فیاض اپنی گاڑی ریپیر کیلئے وہاں پہنچا تھا کہ اچانک رحمن اور اس کے ساتھیوں نے تیز دھار ہتھیاروں سے اس پر حملہ کردیا۔ اس حادثہ میں فیاض شدید زخمی ہوگیا اور اسے نامپلی میں واقع ایک کارپوریٹ ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ رحمن اور فیاض کے درمیان چند دنوں سے مخاصمت چل رہی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ رحمن کو فیاض اور اس کے ساتھیوں نے اس وقت پٹائی کی تھی جب وہ حالت نشہ میں خواتین سے چھیڑ چھاڑ کررہا تھا۔ خون میں لت پت فیاض کو ایمبولنس میں دواخانہ منتقل کیا گیا۔ ہمایوں نگر پولیس نے اس سلسلہ میں رحمن اور دیگر دو کے خلاف اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔