مانسون کی 3جون کو آمد متوقع

حیدرآباد۔/31مئی، ( این ایس ایس ) جنوب مغربی مانسون کے 5 جون کو حیدرآباد سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے بموجب مانسون کی آمد کے پیش نظر ملک بھر میں کسانوں میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے۔ ابتداء میں ہلکی بارش ہوگی اور یہ شدت اختیار کرلے گی۔ مانسون کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے عہدیداروں نے کہا کہ یہ کیرالا کے ساحل اور شمال مشرقی ریاستوں سے پہلے ہی ٹکرا چکا ہے۔ آئی ایم ڈی انچارج ڈائرکٹر ڈاکٹر وائی کے ریڈی نے بتایا کہ مانسون مقررہ وقت سے دو دن پہلے ہی آگے بڑھ چکا ہے۔ طوفان ’ مورا ‘ نے بنگلہ دیش میں تباہی مچائی لیکن یہ مانسون کی قبل از وقت آمد میں معاون ثابت ہوا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مانسون سارے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کا احاطہ کرے گا۔ 3جون سے دونوں ریاستوں میں زبردست بارش ہوگی۔ شہر میں آج بھی موسم گرم رہا اور ساحلی آندھرا پردیش میں 10 جون کو مانسون کی پیشرفت تک گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔