جولائی کے تیسرے ہفتہ میں کارروائی کا آغاز ہوگا، جی ایس ٹی بل کی منظوری متوقع
نئی دہلی ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) کابینی کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس کل یہاں منعقد ہوگا جس کی قیادت وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کریں گے۔ اجلاس میں مانسون سیشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ جولائی کے تیسرے ہفتہ میں شروع ہونے والے سیشن میں کئی اہم بلوں کی منظوری متوقع ہے۔ یہ سیشن اس وقت منعقد ہورہا ہے جب حکمراں پارٹی بی جے پی کو آسام میں زبردست کامیابی ملی ہے اور دیگر ریاستوں کیرالا اور مغربی بنگال انتخابات میں بہترین مظاہرہ کیا ہے۔ یہ سیشن نریندر مودی حکومت کے اقتدار پر آنے کے دو سال کی تکمیل کے بعد منعقد ہوگا۔ اس حکومت کا کہنا ہیکہ اس کے دور میں ملک کے اندر تیزی سے ترقی اور تبدیلی آرہی ہے۔ یہ اشارہ دیا گیا ہیکہ مانسون سیشن 18 جولائی سے شروع ہوگا اور 31 / اگست تک برقرار رہے گا لیکن اس تعلق سے تاریخ کا قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ راجیہ سبھا میں 45 بل زیرالتواء ہیں۔ لوک سبھا 5 بلوں کو ملتوی رکھا گیا ہے۔ حکومت کو توقع ہیکہ اس مرتبہ جی ایس ٹی بل کو منظور کرالیا جائے گا کیونکہ متعدد علاقائی پارٹیوں نے بھی اس سلسلہ میں کانگریس سے دوری اختیار کرکے اس سیول اکنامک اصلاحات بل کی حمایت کی ہے۔ اس سال کے بجٹ سیشن کے رواں بل کو پیش نہیں کیا جاسکتا تھا۔ لوک سبھا میں کئی اہم بل زیرالتواء ہیں۔ حکومت اس سلسلہ میں ایک بل کو منظوری دے گی جو کئی دنوں سے زیرالتواء ہے۔ یہ بل ایک آرڈیننس کا متبادل طریقہ ہوگی۔