مانجھی کی نئی پارٹی ہندوستان عوامی مورچہ کا قیام

پٹنہ ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جنتادل متحدہ سے خارج کردہ لیڈر اور سابق چیف منسٹر جتن رام مانجھی نے آج ایک نئی پارٹی ہندوستان عوامی مورچہ کے قیام کا اعلان کیا ہے اور بتایا کہ ان کی پارٹی بہار کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں تمام 243 نشستوں پر مقابلہ کرے گی ۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بہار کے سابقہ وزیر شکونی چودھری ، ریاستی یونٹ کے صدر ہوں گے تاہم نئی پارٹی کی فہرست میں ٹیکنیکی وجوہات کی بنا مانجھی اور نہ ہی جنتادل یو کے 17 باغی ارکان اسمبلی کا نام شامل کیا گیا ہے ۔ مسٹر مانجھی نے بتایا کہ ہندوستان عوامی مورچہ کے رجسٹریشن کے لیے بہت جلد الیکشن کمیشن سے رجوع ہوں گے ۔ نئی پارٹی کے پرچم پر اوپر اور نیچے ہرا رنگ اور درمیانی حصہ سفید رہے گا ۔ جس پر HAM تحریر ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کا رجسٹریشن ہوتے ہی سیاسی اور انتخابی سرگرمیاں شروع کردی جائیں گی ۔ بہار کے تمام 243 نشستوں پر امیدواروں کونامزد کیا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں سابق چیف منسٹر نے کہا کہ آر جے ڈی سے خارج کردہ ایم پی راجیش رنجن عرف پپو یادو کو بھی نئی پارٹی میں شامل کرنے کے لیے آمادہ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی پارٹی نتیش کمار سے انتخابی مفاہمت کرے گی عوامی مورچہ پارٹی اس سے فاصلہ برقرار رکھے گی ۔۔