نئی دہلی ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے سیاسی تعطل نے ایک نیا موڑ لے لیا جبکہ آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن عرف پپو یادو نے آج چیف منسٹر جتن رام مانجھی کی تائید کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے سربراہ لالو پرساد سے مطالبہ کیا کہ انہیں علحدہ کرنے کے اپنے مطالبہ پر نظرثانی کریں۔ پٹنہ ہائیکورٹ کی جانب سے نتیش کمار کو جے ڈی (یو) مقننہ پارٹی کا قائد تسلیم کرنے پر عملی اعتبار سے حکم التوا جاری کرنے کے بعد انہوں نے یہ مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ واضح ہیکہ شرد یادو کا طلب کردہ اجلاس جس میں نتیش کمار کو منتخب کیا گیا ہے، غیرقانونی اور غیردستوری تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم فرقہ پرستی سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو بہار میں ایک عام آدمی کو ہیرو ظاہر کرنا ضروری ہے۔