مامو کے ہاتھوں بھانجہ اور بھانجی کا بہیمانہ قتل

ذہنی معذور بچوں کا گلا گھونٹ دیا، قاتل دوست کیساتھ گرفتار
حیدرآباد ۔ /17 جون (سیاست نیوز) سرور نگر علاقے میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں مامو نے اپنے دو بھانجیوں کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملکارجن ریڈی نے اپنی بہن لکشمی کے دو جڑواں بچوں کے سروجنا ریڈی اور کے وشنو وردھن ریڈی جو ذہنی معذور ہیں کو اپنے مکان لے جاکر ان کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ایل بی نگر کے پروتھوی دھر راؤ نے کہا کہ ملکارجن ریڈی نے منصوبہ بند طریقے سے بھانجیوں کو اپنے کرایہ کے مکان واقع سرور نگر کو تیراکی سکھانے کے بہانے لے گیا اور ان کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ بعد ازاں ان کی نعشوں کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ مالک مکان نے اس کی مشتبہ حرکت کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دیدی ۔ چیتنیہ پوری پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر ملکارجن ریڈی اور اس کے دوست وویک ریڈی کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کے دوران اس نے قتل کرنے کا انکشاف کیا ۔ پولیس نے مقام واردات کے اطراف و اکناف علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج حاصل کئے ہیں جس میں یہ واضح طور پر بتایا گیا کہ ملزم ملکارجن ریڈی مقتول بھانجیوں کی نعشوں کو کار میں منتقل کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کے موبائیل فون کال ڈیٹا ریکارڈ کا بھی تجزیہ کیا جارہا ہے اور اس میں ملوث دیگر رشتہ داروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔