مالی پریشانی کی وجہ اجتماعی خودکشی کا دلسوز واقعہ

باپ فوت، کمسن بیٹا کرشماتی طور پر زندہ ،مقدمہ درج
حیدرآباد۔/19جون، ( سیاست نیوز) مالی پریشانی کے سبب اجتماعی خودکشی کا دلسوز واقعہ چیتنہ پوری پولیس حدود میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنے کمسن بیٹے کے ساتھ زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی تاہم بیٹا کرشماتی طور پر بچ گیا اور بات فوت ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 38 سالہ راما کرشنا جو خانگی ملازم تھا چیتنہ پوری علاقہ میں رہتا تھا ، یہ شخص شدید مالی پریشانیوں کا شکار تھا جس کاآبائی مقام ریاست اتر پردیش بتایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راما کرشنا گزشتہ چند روز سے پریشان تھا اور شدید مالی بحران کے سبب وہ ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا۔ اس کا خاندان گزشتہ چند روز سے شدید مالی پریشانی میں مبتلا تھا جس کے سبب پولیس سمجھتی ہے کہ اس نے انتہائی اقدام کیا۔ اپنے 13 سالہ لڑکے کو زہریلی دوا دے دی اور خود بھی زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی اقدام کرلیا۔ اس دوران دونوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ کل رات فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔