حیدرآباد۔/23جنوری، ( سیاست نیوز) شوہر کی بیماری کے اخراجات سے تنگ آکر مالی پریشانیوں کا شکار ایک بے بس خاتون نے خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ معین آباد پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 30 سالہ ڈی جوتی نے کل اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی اور رات دیر گئے علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ جوتی ناگی ریڈی گوڑہ علاقہ کے ساکن نوین کی بیوی تھی۔ اس کے شوہر کی صحت مسلسل ناساز رہتی تھی اور وہ ٹی بی کے علاوہ دیگر امراض کاشکار تھا۔ اس خاتون کے دو بچے بھی خرابی صحت کے سبب فوت ہوگئے تھے اور ایک بچہ صحت مند ہے۔
ایک ماہ قبل اس خاتون کے شوہر نوین کی صحت مزید خراب ہوگئی اور اس کو فالج کا حملہ ہوا تھا جس کو مقامی خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ مالی پریشانیوں کے سبب یہ خاندان یعنی خاتون بیماری کے اخراجات کو برداشت نہیں کرپارہی تھی جس کے سبب شوہر کو اس نے ہاسپٹل سے مکان واپس لالیا تھا اور دلبرداشتہ ہوکر اس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل خودسوزی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔