حیدرآباد /3 ستمبر ( سیاست نیوز ) مالی پریشانیوں کے سبب خودکشی کرنے کے دو علحدہ واقعات سائبرآباد پولیس حدود میں پیش آئے ۔ ایک شخص نے لڑکی کی شادی کیلئے رقم نہ ہونے پر اور ایک نے فصل میں نقصان سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی ۔ نریڈمیڈ پولیس کے مطابق 45 سالہ تروپنا جو پیشہ سے مزدور تھا واجپائی نگر میں رہتا تھا ۔ اس شخص کی تین لڑکیاں تھیں اور بیٹی کی شادی کیلئے اس کے یہاں رقم نہیں تھی اور اس بات سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوکر اس شحص نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ کیسرا پولیس کے مطابق 55 سالہ نارائنہ جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ نارائن کھیڑ کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ وہ کیسرا میں رہتا تھا ۔ فصل میں نقصان کے بعد وہ شہر منتقل ہوگیا تھا ۔شہر آکر اس کی مالی پریشانیوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔