مالیگاؤں مقدمہ کی ملزم پرگیہ ٹھاکر بی جے پی کی مدھیہ پردیش سے امیدوار ، ڈگ وجئے سنگھ پر تنقید

نئی دہلی ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوتوا طیارہ کو آگے لاتے ہوئے بی جے پی نے آج مالیگاؤں دھماکہ مقدمہ کی ملزم سادھوی پرگیہ ٹھاکر کو لوک سبھا انتخابات کیلئے بھوپال سے کانگریس کے کہنہ مشق امیدوار سابق چیف منسٹر ایم پی ڈگ وجئے سنگھ کے مقابلہ میں اپنا امیدوار مقرر کیا ہے۔ اس اعلان کے چند ہی لمحہ بعد ساگھوی پرگیہ ٹھاکر نے اپنے کانگریسی حریف ڈگ وجئے سنگھ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’سناتن دھرم‘‘ کو بدنام کرنے والے شخص ہیں۔ این سی پی نے مالیگاؤں سے اپنے کارپوریٹر ناہی احمد احمداللہ کو پارٹی سے خارج کردیا جبکہ انہوں نے جھولے حلقہ سے این سی پی کی حلیف کانگریس کے امیدوار کے خلاف اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ بھوپال سے موصولہ اطلاع کے بموجب سادھوی پرگیہ ٹھاکر نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ بھگوا پارٹی کو اس کا مستحقہ احترام حاصل ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ دھرم غالب آئے گا اگر اس کے مقابل ادھرم ہوگا۔ انہیں 2017ء میں مالیگاؤں دھماکہ مقدمہ سے ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔