مالک کی موٹر کار کا سرقہ کرنے والا ڈرائیور گرفتار

حیدرآباد۔ /4 مئی (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے اپنے مالک کی کار کا سرقہ کرنے والے ایک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ۔ لڑکی سے محبت اور اسے تفریح کرانے کی غرض سے کار کا سرقہ کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر بنجارہ ہلز کے سرینواس نے بتایا کہ /25 اپریل کو این پرشانت ریڈی ساکن مائتری پورم کالونی کرمن گھاٹ نے اپنے مالک کی 16 لاکھ مالیتی قیمتی کار کا سرقہ کرکے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ گوا فرار ہوگیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی گرفتاری سے بچنے کیلئے پرشانت ریڈی نے اپنا موبائیل فون بند کردیا تھا لیکن وہ اپنے دوستوں سے دوسرے فون سے ربط میں تھا ۔ پولیس بنجارہ ہلز نے پرشانت ریڈی گوا میں موجود ہونے کا پتہ لگایا اور اسے پولیس کی ایک ٹیم نے گرفتار کرکے شہر منتقل کیا ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ پرشانت ریڈی نے مسروقہ کار میں اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ گوا ، مہاراشٹرا اور گنٹور تفریح کیلئے گیا تھا ۔ گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔