سرینگر ۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سابقہ علحدگی پسند لیڈر سجاد لون نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوسرے دن آج کہا کہ انتخابات میں کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تاہم اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد اتحاد کا امکان مسترد نہیں کیا ہے۔ انہوں نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماقبل انتخابات کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کے مخالف ہیں۔ جہاں تک انتخابات کے بعد اتحاد کا تعلق ہے اس کا فیصلہ وقت اور حالات کے مطابق کیا جائے گا۔ سابق حریت لیڈر نے بتایا کہ وادی کشمیر میں ان کی پیپلز کانفرنس پارٹی 28 تا 30 نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے۔ سجاد لون نے کل وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ملاقات کا مقصد ستمبر میں آئے سیلاب کے بعد ریاست کی صورتحال سے وزیراعظم کو واقف کرانا تھا۔ انہوں نے نریندر مودی کو ایک انکساری پسند شخص قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم نے ان سے ایک بڑے بھائی کی طرح بات کی۔ حکومت نے بھی اس ملاقات کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ کوئی بھی نتیجہ اخذ نہیں کیا جانا چاہئے۔