حیدرآباد۔3مارچ(سیاست نیوز) کنگفو اور کراٹے میںمہارت رکھنے اور بین الاقوامی خطابات جیت کر قومی افتخار کا باعث بننے والے ماسٹر جمیل خان اپنی معاشی پریشانیوںکودور کرنے کیلئے حکومت تلنگانہ سے امید لگائی ہے ۔تلنگانہ کے ضلع کھمم سے تعلق رکھنے والے ماسٹر جمیل خان نے پچھلے کئی سال سے کنگفو اور کراٹے کے کھیلوں میں حصہ لیتے ہوئے ملک اور علاقہ تلنگانہ کی نمائندگی کی ہے اور ان مقابلوں میںکامیابی حاصل کرتے ہوئے انہوں نے تلنگانہ کا نام روشن کیاہے۔ماسٹر جمیل نے حکومت تلنگانہ بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو سے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر مختلف کھیلوں میںمہارت رکھنے والوں کی ہمت افزائی کرتے ہوئے ان کیلئے رقمی امداد مختص کررہے ہیں اور مجھے امید ہے چیف منسٹر چندرشیکھر رائو یقینا میرے ساتھ بھی انصاف کریں گے ۔ آج یہاں پریس کلب بشیر باغ میں پریس کانفرنس کے دوران ماسٹر جمیل نے کہاکہ وہ پچھلے بیس سال سے کنگفو اور کراٹے کے ذریعہ ملک کیلئے گولڈ ‘ سلور او ربرونز میڈلس جیت رہے ہیں مگر ان دنوں وہ معاشی پریشانیوں کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں سے مسلسل نمائندگی کے باوجود ان کے ساتھ انصاف نہیں کیاگیااور اب پچھلے بیس ماہ سے وہ چیف منسٹر چندرشیکھر رائو سے ملاقات کیلئے کوشاں ہیں مگر موجودہ حکومت کے تمام وزراء سے ملاقات کے بعد بھی اب تک وہ چیف منسٹر چندرشیکھر رائو سے ملاقات نہیںکرسکے۔ انہوں نے کہاکہ روزمرہ کی گزربسر کیلئے وہ مہدی پٹنم کے سرکاری صفدریہ اسکول میںطالبات کو کنگفو اور کراٹے کی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ وہ بلیک بیلٹ سوین ‘ ڈین اسپارک کنگفو میںمہارت رکھتے ہیں اور ٹیکونڈو اینڈ کراٹے چیمپئن شپ ونر ہیں۔ماسٹر جمیل نے بین الاقوامی مقابلوں میں 15 گولڈ میڈلس اور 13 سلور کے علاوہ 17 برونز میڈلس جیتے ہیں، وہیں قومی سطح کے مقابلوں میں 25 گولڈ اور 12 سلور میڈلس حاصل کئے ہیں۔ ماسٹر جمیل نے کہاکہ وہ کرایہ کے مکان میںرہتے ہیں ، موجود ہ آمدنی ان کیلئے ناکافی ہے ۔ انھوں نے چیف منسٹر چندرشیکھر رائو سے اپیل کی کہ وہ ریاست کے دیگر کھلاڑیوں کی طرح ان سے بھی انصاف کریں۔ انہوں نے کنگفو اور کراٹے کی تربیت کیلئے سرکاری نوکری اور ضروری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی تاکہ مستقبل میں بھی بچوں کو اس ہنر میںمہارت دلا سکیں۔پریس کانفرنس کے دوران ماسٹر جمیل خان پٹھان نے اپنے انعامات ‘ ایوارڈس او رمیڈلس کی نمائش بھی کی ۔