ماسٹرز چمپینس لیگ : گلکرسٹ زیرقیادت ٹیم کی جرسی کی رونمائی

دبئی ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آڈم گلکرسٹ زیرقیادت ساگیٹیریس اسٹرائیکرز فرنچائز نے کل یہاں شروع ہونے والے ماسٹرز چمپینس لیگ (ایم سی ایل) کیلئے ٹیم جرسی اور لوگو کی رونمائی کی۔ Danube Group کی ملکیت والی اس ٹیم نے سابق آسٹریلیائی وکٹ کیپر۔ بیٹسمن کو اپنا لیڈر مقرر کیا ہے، جبکہ اُن کے نائب کی ذمہ داری نیوزی لینڈ کے ڈانیل ویٹوری کو سونپی گئی۔ اس تقریب میں گروپ کے مالک انیس ساجن اور ویٹوری بھی شریک ہوئے۔ اسٹرائیکرز کا اپنا پہلا میچ 29 جنوری کو مقرر ہے۔ اس ٹیم کے دیگر ارکان میں شین بانڈ، ٹینو بسٹ، مہیلا جئے وردھنا، خرم خان، فل مسٹارڈ، ناتھن ہاریز، الویرو پیٹرسن، مائیکل کاربری، کے سنٹوکی، جوناتھن ٹراٹ، یاسر حمید، مشتاق احمد اور گیون ہیملٹن شامل ہیں۔ ایم سی ایل میں جسے آئی سی سی کی منظوری حاصل ہے، جملہ چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جو ٹوئنٹی 20 فارمٹ والے مقابلوں میں مسابقت کریں گی۔